مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی پارلیمنٹ میں وفاداری برائے مزاحمت گروپ کے رکن سید حسن فضل اللہ نے امریکی۔صہیونی فوجی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی قوم کے شجاعانہ دفاع اور ایران کی مؤثر سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے ایران کے دوستوں، خطے کے عوام اور دنیا کے آزاد انسانوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
سید حسن فضل اللہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کی جانب سے سلام بھی پہنچایا۔
لبنانی رکن پارلیمنٹ نے اس موقع پر امریکی۔صہیونی جارحیت کے خلاف ایرانی عوام کے بہادری پر مبنی دفاع اور ایران کی مضبوط سفارت کاری کی تعریف کی اور کہا کہ یہ اقدامات اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت و اقتدار کو مزید مستحکم کرنے کا سبب بنے ہیں اور ایران کے دوستوں، خطے کے تمام عوام اور دنیا کے آزاد انسانوں کے لیے باعث فخر ہیں۔
فضل اللہ نے لبنان کی تازہ صورتحال، صہیونی حکومت کی جانب سے اس ملک کے خلاف مسلسل جارحیت اور قبضے کے بارے میں بھی رپورٹ پیش کی۔
انہوں نے لبنان کے عوام بالخصوص مزاحمتی قوتوں کی حمایت پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا اور سفارتی میدان میں لبنانی عوام اور مزاحمت کی حمایت کے لیے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اسلامی ممالک کی جانب سے صہیونی حکومت کی توسیع پسندانہ پالیسیوں اور لبنان، غزہ اور مغربی کنارے میں اس کے جرائم کے مقابلے کے لیے متحد اور فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے بھی صہیونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں لبنانی عوام کی مزاحمت اور باعزت استقامت کو خراج تحسین پیش کیا اور لبنان کی علاقائی سالمیت، عزت اور قومی خودمختاری کے دفاع میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ہمہ گیر حمایت کا اعادہ کیا۔
آپ کا تبصرہ